غزہ میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینیوں کی اجتماعی نماز جنازہ، تدفین کردی گئی

0
19
غزہ میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینیوں کی اجتماعی نماز جنازہ، تدفین کردی گئی

غزہ: غزہ کی پٹی میں جنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے 100 فلسطینیوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہدا میں 70 بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان افراد کی میتیں اور انسانی باقیات حالیہ دنوں میں تباہ شدہ عمارتوں اور گھروں کے ملبے سے برآمد کی گئی تھیں۔ غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں اجتماعی نماز جنازہ کے دوران میتوں کو ملبے کے قریب رکھا گیا اور فلسطینی پرچموں میں لپیٹا گیا۔

جنازے میں شہدا کے لواحقین، ہزاروں شہریوں، سماجی کارکنوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر غزہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں اور متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور تعزیتی خطاب کیے۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام میتوں اور انسانی باقیات کو زیتون کے علاقے میں واقع الاحلی قبرستان منتقل کرکے تدفین کردی گئی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے دبی تقریباً 900 لاشیں برآمد کرچکی ہیں، جبکہ ہزاروں مزید افراد کی لاشیں اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے موجود ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

Leave a reply