
ڈبلیو ڈبلیو ای کے نامور ریسلر اور ہالی ووڈ اسٹار ڈوین جانسن، جنہیں دنیا بھر میں دی راک کے نام سے پہچانا جاتا ہے، نے رنگ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دی راک 28 نومبر 2026 کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں منعقد ہونے والے ڈبلیو ڈبلیو ای کے بڑے ایونٹ سروائیور سیریز میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے پیٹ میکافی شو میں گفتگو کے دوران ایونٹ میں اپنی موجودگی کی تصدیق کی۔ اس طرح تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد ان کی ڈبلیو ڈبلیو ای میں دوبارہ واپسی ہوگی۔
اس مرتبہ سروائیور سیریز دی راک کے لیے ایک اور حوالے سے بھی اہم ہے، کیونکہ 1996 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں ان کے ڈیبیو کو 30 برس مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے اپنے ریسلنگ کیریئر کا آغاز راکی مائیویا کے نام سے کیا تھا، تاہم بعد ازاں دی راک کے نام سے عالمی شہرت حاصل کی۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ سروائیور سیریز میں دی راک کو کس نوعیت کا کردار دیا جائے گا یا وہ کسی مقابلے کا حصہ بھی بنیں گے یا نہیں۔
تاہم بلڈ لائن کے ساتھ ان کے ماضی کے تعلق اور گروپ کی کہانی میں ان کی شمولیت کے باعث شائقین اس واپسی کو خاص اہمیت دے رہے ہیں۔ ایونٹ میں بلڈ لائن کا وار گیمز مقابلہ بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ دی راک آخری مرتبہ 2025 کے ایلیمینیشن چیمبر ایونٹ میں ڈبلیو ڈبلیو ای ٹی وی پر دکھائی دیے تھے، جہاں انہوں نے جان سینا کے منفی کردار اختیار کرنے سے متعلق کہانی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔









