سعودی ولی عہد سے امریکی سینٹ کام سربراہ کی ملاقات، دفاعی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ریاض میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی عرب اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ عسکری اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو بھی زیر بحث لایا گیا۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور خطے میں جاری پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر کی یہ جولائی میں یمن کے حوثیوں کے ساتھ کشیدگی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سعودی عرب کا تیسرا عوامی طور پر رپورٹ ہونے والا دورہ ہے۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر توجہ مرکوز ہے۔ امریکی فوجی قیادت اور سعودی حکام کے درمیان ملاقات کو دونوں ممالک کے دفاعی روابط اور خطے کی صورتحال پر مسلسل مشاورت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔









