پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی فہرست جاری کیوں نہ ہوسکی

0
150

ہاٹ لائن نیوز : الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست جاری نہ کرنے کے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو کل ہدایت لیکر پیش ہونے کی ہدایت کردی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا ہے تاہم صوبائی الیکشن کمشنر پی ٹی آئی امیدواروں کی سکروٹنی نہیں کر رہے ۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کیا ہے اگر کہیں فیصلہ چیلنج نہیں کیا تو پھر الیکشن کمیشن کو پارٹی فہرست اپلوڈ کرنی چاہیے ، ایسا نہیں ہوسکتا کہ الیکشن کمیشن کوئی فیصلہ بھی نہ کرے اور فیصلے پر عملدرآمد بھی نہ کرے ۔

کل سکروٹنی کی آخری تاریخ ہے اگر الیکشن کمیشن کوئی فیصلہ نہیں کرتا تو پھر کیا بنے گا ۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی ایک جماعت اور مخصوص نشستوں کا اہم کردار ہوتا ہے ، الیکشن کمیشن کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق اعتراض اٹھادیا اور دلائل دیے کہ فیصلہ پشاور ہائیکورٹ نے معطل کیا ہے انہیں یہ درخواست بھی وہاں دائر کرنی چاہیے تھی ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ابتک اس حوالے سے مشاورت مکمل نہیں کہی ، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر درخواست قابل سماعت نہیں ہے تو پھر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کدھر جائے گا ، سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں کہہ چکی ہے کہ الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت نہ کی جائے ، پی ٹی آئی وکیل نے دلائل دیے اگر الیکشن کمیشن اپنا کام نہ کرے تو پھر ہم کہاں جائیں ؟

عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کل تک ہدایات لیکر پیش ہونے کی ہدایت کردی اور قرار دیا کہ آپ ہمیں بتا دیں کہ آپ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر رہے ہیں یا نہیں ۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کردی.

Leave a reply