پی ایس ایل 12: 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک میدان سجے گا

0
12
پی ایس ایل 12: 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک میدان سجے گا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اگلا پی ایس ایل سیزن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 میں مسلسل دوسرے سال آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ لیگ کی تاریخیں پی ایس ایل گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد طے کی گئی ہیں۔

پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں آٹھوں فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

گزشتہ ایڈیشن میں پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پہلی مرتبہ پلیئر آکشن کا نظام متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں 32 ہزار 461 شائقین کی شرکت نے نئی ریکارڈ حاضری قائم کی۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے لیگ کی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ ان کے مطابق گزشتہ سیزن میں شاندار مقابلوں، بڑی تعداد میں شائقین کی شرکت اور براڈکاسٹنگ کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں سامنے آئیں۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں لیگ کو شائقین کی توقعات کے مطابق مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان صرف ابتدائی مرحلہ ہے، جبکہ تمام آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے بھرپور تیاری کریں گی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کی ٹرافی پشاور زلمی نے اپنے نام کی تھی۔ فائنل میں زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر نو سال بعد دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 12 کے ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، مکمل شیڈول، میچ وینیوز اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

Leave a reply