
پنجاب اسمبلی میں جاری کفایت شعاری اقدامات کے تحت گزشتہ دو ماہ کے دوران سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 77 کروڑ روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق یہ رقم سرکاری خزانے میں واپس جمع کرا دی گئی ہے۔ اسی عرصے میں بجلی کے استعمال میں بھی واضح کمی دیکھی گئی، جس سے ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد یونٹس کی بچت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ضروری خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور نئی سرکاری پروکیورمنٹ روک دی گئی ہے۔ بیرون ملک سرکاری دوروں پر بھی پابندی لگائی گئی ہے تاکہ اخراجات میں مزید کمی لائی جا سکے۔
اسی طرح سرکاری تقریبات اور تفریحی اخراجات میں بھی کمی کی گئی ہے جبکہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس اب آن لائن یا ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سرکاری پروٹوکول کے بجائے ذاتی گاڑی استعمال کر رہے ہیں۔ اسپیکر کی جانب سے اپنی تنخواہ اور مراعات نہ لینے کا اعلان بھی پہلے ہی کیا جا چکا ہے، جبکہ بعض ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں بھی کفایت شعاری کے تحت کمی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کفایت شعاری مہم کا مقصد سرکاری اخراجات میں کمی لانا ہے، جو موجودہ معاشی اور توانائی صورتحال کے پیش نظر شروع کی گئی ہے۔









