پاکستان کا ایران کو منہ توڑ جواب

0
71

ہاٹ لائن نیوز : ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور پنجگور میں میزائل حملے کے جواب میں پاکستان نے ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر میزائل داغے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایران کے لیے اس جوابی کارروائی کا نام ‘آپریشن مرگ برسرمچار’ رکھا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایرانی صوبے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کئی سالوں سے ایران میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر تحفظات کا اظہار کر رہا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق کئی دستاویزات بھی شیئر کیں۔

جوابی حملے سے چند گھنٹے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل لباس جیلانی نے اپنے ایرانی ہم منصب سے کہا کہ پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کے مطابق پاکستان نے پاک ایران سرحد کے قریب واقع ایرانی سرحد میں کیمپوں پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا۔

ایران میں سرکاری میڈیا اور حکومت نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے تاہم سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹس بتا رہی ہیں کہ پاکستان نے سرحدی شہر ساروان میں حملہ کیا ہے۔

ایرانی سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کر رہے ہیں کہ پاکستانی حملے میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ تباہی کے مناظر کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر بھی میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ہیں جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے ایران میں زلزلے سے ہونے والی تباہی کی پرانی تصاویر کو پاکستانی میزائل حملے سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔

ایرانی ٹویٹر اکاؤنٹ پر کچھ ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی حملے میں سراوان شہر کے حق آباد اور شمسر کے علاقوں میں کئی مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔ ان ویڈیوز کو کچھ پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی شیئر کیا تھا تاہم ان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

جمعرات کی صبح یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ پاکستانی ڈرون اب بھی علاقے میں پرواز کر رہے ہیں۔

Leave a reply