پاکستان میں پہلی بار انفلوئنسر ایوارڈز، فاتحین کا انتخاب عوامی ووٹنگ سے ہوگا

0
3
پاکستان میں پہلی بار انفلوئنسر ایوارڈز، فاتحین کا انتخاب عوامی ووٹنگ سے ہوگا

پاکستان کی ڈیجیٹل دنیا میں سوشل میڈیا کریئیٹرز کی خدمات کو سراہنے کے لیے پہلی مرتبہ ’’پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز‘‘ منعقد کیے جا رہے ہیں۔

ایوارڈز کی تقریب 7 نومبر کو ہوگی، جس میں یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کریئیٹرز کو 30 سے زائد کیٹیگریز میں اعزازات دیے جائیں گے۔

منتظمین کے مطابق ایوارڈز کا مقصد ملک میں کانٹینٹ کریئیشن کے شعبے کو منظم انداز میں فروغ دینا اور نئے و باصلاحیت ڈیجیٹل کریئیٹرز کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

مختلف شعبوں میں ’’کریئیٹر آف دی ایئر‘‘ اور ’’ایمرجنگ کریئیٹر‘‘ کے علاوہ فیشن، سیاحت، بیوٹی، لائف اسٹائل، فٹنس، گیمنگ، میوزک، پیرنٹنگ اور انٹرٹینمنٹ جیسی کیٹیگریز بھی شامل ہوں گی۔

امیدواروں کے انتخاب کے لیے کئی مراحل پر مشتمل طریقہ کار ترتیب دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں الگورتھم کی مدد سے ہر کیٹیگری کے 20 ممکنہ امیدوار سامنے لائے جائیں گے، جن کی مارکیٹ سروے کے ذریعے جانچ بھی کی جائے گی۔

بعد ازاں معروف کانٹینٹ کریئیٹرز پر مشتمل جیوری 20 امیدواروں میں سے 10 افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کرے گی۔ اس کے بعد مارکیٹنگ اور اشتہارات کے شعبے سے وابستہ ماہرین پانچ فائنلسٹس کا انتخاب کریں گے۔

آخری مرحلے میں فیصلہ عوامی ووٹنگ کے ذریعے ہوگا۔ منتظمین کے مطابق اکتوبر میں آن لائن ووٹنگ شروع کی جائے گی، جس میں عوام اپنے پسندیدہ کریئیٹرز کے حق میں ووٹ دے سکیں گے۔

ایوارڈز کی میزبانی معروف وی لاگ ’’پتن گیر‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی امتل باویجا اور فہد طارق کریں گے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کے ڈیجیٹل کریئیٹرز کو حوصلہ ملنے کے ساتھ ساتھ ملک کی بڑھتی ہوئی کانٹینٹ انڈسٹری کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں بھی مدد ملے گی۔

Leave a reply