پاکستانی نوجوان نوید اسلم کی جرات کو اٹلی میں شاندار خراجِ تحسین

0
23
پاکستانی نوجوان نوید اسلم کی جرات کو اٹلی میں شاندار خراجِ تحسین

اٹلی کے شہر بریشیا میں مقیم پاکستان کے ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ نوجوان نوید اسلم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کئی بچوں کی جان بچا لی، جس پر انہیں مقامی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل بریشیا کے ایک پارک میں بچوں پر ایک شخص نے حملے کی کوشش کی۔ اس دوران وہاں موجود نوید اسلم نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں کر لیا اور پولیس کی آمد تک اسے روکے رکھا۔ اس کارروائی کے دوران وہ خود بھی زخمی ہوئے، تاہم بچوں کو محفوظ رکھنے میں کامیاب رہے۔
نوید اسلم کی اس جرات مندانہ کارروائی کے اعتراف میں بریشیا کی میئر نے انہیں اپنے دفتر مدعو کیا اور خصوصی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ تقریب کے دوران میئر نے کہا کہ نوید اسلم نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر بچوں کی حفاظت کی، جو انسان دوستی اور بہادری کی بہترین مثال ہے۔
اعزاز وصول کرنے کے بعد نوید اسلم نے کہا کہ ان کے نزدیک اس وقت بچوں کی جان بچانا ایک انسانی فرض تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کو مشکل گھڑی میں دوسروں کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری نے بھی نوید اسلم کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے اسے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

Leave a reply