فیفا ورلڈ کپ 2026: 28 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں

0
8
فیفا ورلڈ کپ 2026: 28 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے اختتام کے ساتھ ہی ناک آؤٹ مرحلے کی تصویر تقریباً واضح ہو چکی ہے۔ اب تک 48 میں سے 28 ٹیمیں راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنا چکی ہیں، جبکہ باقی نشستوں کا فیصلہ آخری گروپ میچز کے بعد ہوگا۔ ناک آؤٹ مرحلے کے مقابلے 28 جون سے 3 جولائی تک جاری رہیں گے۔
اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی نمایاں ٹیموں میں میزبان میکسیکو اور امریکا کے علاوہ ارجنٹینا، برازیل، فرانس، جرمنی، اسپین، انگلینڈ، پرتگال، بیلجیم، نیدرلینڈز، جاپان، آسٹریلیا، مراکش، مصر، گھانا، سینیگال، جنوبی افریقہ، سوئٹزرلینڈ، کولمبیا، کینیڈا، پیراگوئے، ناروے، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ، کیپ ورڈے اور بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا شامل ہیں۔
ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے آسٹریا کے خلاف دو گول کرکے اپنی ٹیم کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کارکردگی کے بعد انہوں نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر 18 گول مکمل کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
دوسری جانب فرانس نے عراق کو 3-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی، جہاں کائلیان ایمباپے نے دو گول اسکور کیے۔ برازیل نے بھی اسکاٹ لینڈ کو 3-0 سے شکست دی، جس میں وینیسیئس جونیئر کے دو گول نمایاں رہے اور ٹیم گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
جنوبی افریقہ نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی، جبکہ کیپ ورڈے نے اپنے پہلے ہی عالمی کپ میں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرکے نئی تاریخ رقم کی۔ مصر بھی پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔
ادھر کئی ٹیموں کا سفر گروپ مرحلے پر ہی ختم ہوگیا۔ ہیٹی، ترکیہ، تیونس، اردن، پاناما، قطر، چیکیا، کیوراساؤ، نیوزی لینڈ، یوراگوئے، سعودی عرب اور عراق اگلے مرحلے میں جگہ نہ بنا سکے۔ قطر اپنے گروپ میں صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔
ورلڈ کپ 2026 پہلی بار 48 ٹیموں کے نئے فارمیٹ کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ اس نظام کے مطابق 12 گروپس کی پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہِ راست راؤنڈ آف 32 میں پہنچتی ہیں، جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی آٹھ بہترین ٹیمیں بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہیں۔
اس کے بعد مقابلے راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل، تیسری پوزیشن کے میچ اور 19 جولائی کو ہونے والے فائنل تک جاری رہیں گے۔
فیفا نے اس ٹورنامنٹ میں پوائنٹس برابر ہونے کی صورت میں درجہ بندی کا طریقہ بھی تبدیل کیا ہے۔ نئے اصولوں کے مطابق سب سے پہلے برابر پوائنٹس رکھنے والی ٹیموں کے باہمی مقابلوں کے نتائج دیکھے جائیں گے، اس کے بعد گول فرق، مجموعی گول، کیے گئے گول، ڈسپلن ریکارڈ اور آخر میں فیفا ورلڈ رینکنگ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔

Leave a reply