پاکستانی خلا باز تاریخ رقم کرنے کے قریب!

0
11
پاکستانی خلا باز تاریخ رقم کرنے کے قریب!

اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کے تحت ایک پاکستانی خلا باز رواں سال چین کے انسانی خلائی مشن شینژو-24 میں حصہ لیں گے۔ اس مشن کے ذریعے پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا باز کو چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے کا موقع ملے گا۔

چینی حکام کے مطابق پاکستانی خلا باز مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ان کا بنیادی کام خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات اور مخصوص آلات سے متعلق امور کی نگرانی کرنا ہوگا۔

چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق اور سائنسی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کا حصہ ہے۔

پاکستانی خلا باز کے نام کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔ تاہم اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستانی پائلٹس ذیشان علی اور خرم داؤد چین میں خلا بازوں کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

دوسری جانب شینژو-24 مشن کی روانگی کی حتمی تاریخ بھی ابھی سامنے نہیں آئی۔ منصوبے کے مطابق پاکستانی خلا باز مختصر مدت کے لیے چین کے خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے، جس کے بعد شینژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔

اس مشن کو چین کے انسانی خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے تحت پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا باز کو چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ خلائی مشن میں شامل کیا جائے گا۔

پاکستان اور چین کے درمیان یہ تعاون خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی تجربات کے شعبوں میں مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے۔

Leave a reply