پاناما میں شدید زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم، درجنوں آفٹر شاکس ریکارڈ

پاناما: وسطی امریکی ملک پاناما کےجنوبی علاقوں میں شدید زلزلے کےجھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلادیا، جبکہ زلزلےکے مرکز کےقریب متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور منہدم ہونیکی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
زلزلے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت مختلف مقامات پر لوگوں کو عمارتوں سے باہر نکال لیا گیا۔ ابتدائی جھٹکے پڑوسی ملک کولمبیا میں بھی محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز پاناما کے صوبہ ہیریرا کے ایک دور افتادہ علاقے کے قریب تھا۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی طور پر اس کی شدت مختلف بتائی گئی، تاہم بعد میں پیمائش پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے 7.7 قرار دیا گیا۔
45 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ
زلزلے کیبعد علاقے میں متعدد آفٹرشاکس محسوس کیے گئے، جنمیں بعض کی شدت 5 سے زیادہ تھی۔ یونیورسٹی آف پاناما کے ماہرینِ ارضیات کے مطابق اب تک 45 سے زائد جھٹکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن میں زیادہ تر نسبتاً کم شدت کے تھے۔
مسلسل جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف برقرار رہا اور متعدد افراد نے گھروں کے بجائے کھلی جگہوں پر رہنے کو ترجیح دی۔
زلزلے سے متاثرہ صوبہ ہیریرا کے ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ شدید جھٹکوں کے دوران گھروں میں رکھی اشیا گرنے لگیں، جس سے لوگوں میں خوف پھیل گیا۔ ان کے مطابق جھٹکوں کے بعد علاقے کے متعدد رہائشی احتیاطاً گھروں سے باہر نکل آئے۔
پاناما کے صدر ہوزے راؤل ملینو نے شہریوں کو پرسکون رہنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔ ان کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی تھی، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں عمارتوں اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہی ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے بعد مزید جھٹکے آنے کا امکان نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے شہری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے مجموعی مالی نقصان اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق حتمی تفصیلات سرکاری جائزے کے بعد سامنے آئیں گی۔








