
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے قومی عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ بعض دہشت گرد عناصر کو بیرونی سرپرستی اور اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کچھ گروہ افغان سرزمین بھی استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردی پر قابو پانے کے بعد پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی جانب مزید پیش رفت کرے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم کوئٹہ پہنچے جہاں گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور وفاقی وزراء نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں اور سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔








