
بالی ووڈ کے معروف اداکار راجیش شرما کو فلم کی شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد طبی مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں اداکار ایک نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ بتایا گیا ہے کہ شوٹنگ ختم ہونے کے بعد وہ تکنیکی عملے کے چند افراد کے ساتھ جھاڑیوں کے قریب موجود تھے، اسی دوران انہیں ایک کیڑے نے کاٹ لیا۔
ابتدائی طور پر اداکار نے اس واقعے کو معمولی سمجھا اور فوری علاج نہیں کروایا، تاہم کچھ گھنٹوں بعد ان کی ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا اور طبیعت خراب ہونے لگی۔
رپورٹس کے مطابق راجیش شرما بعد ازاں کولکتہ پہنچے جہاں ان کی حالت مزید بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق انفیکشن پھیلنے کے باعث ان کی ٹانگ متاثر ہوئی ہے اور انہیں سانس لینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں اداکار کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے۔








