وزیراعظم شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان کی مفاہمتی کوششوں کو مزید وقت دینے کا فیصلہ

0
13
وزیراعظم شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان کی مفاہمتی کوششوں کو مزید وقت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان سیاسی تعطل ختم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کی مفاہمتی کوششوں کو مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں سیاسی صورت حال، امن و امان اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں رانا ثنا اللہ نے سیاسی رابطوں سے متعلق بریفنگ دی، جب کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان سے حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کے رابطے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ثالثی کے لیے پانچ شرائط پیش کی ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی ملاقات یا ٹیلی فونک رابطے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر اپوزیشن رہنماؤں نے مذاکرات کی بحالی کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کو اہم قرار دیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان آل پارٹیز کانفرنس بلانے اور اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر بھی مشاورت جاری ہے۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا انحصار دونوں فریقوں کی آمادگی اور اہم اختلافات پر اتفاق رائے پیدا کرنے پر ہوگا۔

Leave a reply