واٹس ایپ کا نیا فیچر، پرانے پیغامات تلاش کرنا مزید آسان

0
19
واٹس ایپ کا نیا فیچر، پرانے پیغامات تلاش کرنا مزید آسان

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے چیٹس میں موجود کئی ماہ یا برسوں پرانے پیغامات تلاش کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں چیٹ کے اندر براہِ راست سرچ کرنے کے لیے ایک شارٹ کٹ دیکھا گیا ہے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو پرانے پیغامات تک پہنچنے کے لیے طویل اسکرولنگ سے نجات دلانا ہے۔

فی الحال کسی مخصوص چیٹ میں پرانا پیغام تلاش کرنے کے لیے صارف کو چیٹ انفارمیشن میں جا کر سرچ کا آپشن منتخب کرنا پڑتا ہے۔ نئے نظام میں سرچ کا بٹن چیٹ اسکرین پر ہی دستیاب ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سرچ بٹن ہر وقت اسکرین پر موجود نہیں رہے گا۔ جب صارف پرانے پیغامات دیکھنے کے لیے چیٹ میں اوپر کی جانب اسکرول کرے گا تو یہ شارٹ کٹ ظاہر ہو جائے گا، جس کے ذریعے مطلوبہ پیغام تلاش کیا جا سکے گا۔

ابتدائی طور پر یہ فیچر آئی فون صارفین کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اسی طرح کی سرچ سہولت چینلز کے لیے بھی تیار کر رہا ہے، جس سے صارفین کسی چینل کی پرانی پوسٹس میں موجود معلومات کو زیادہ آسانی سے تلاش کر سکیں گے۔

نیا فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے جو اپنی چیٹس میں بڑی تعداد میں پرانے پیغامات محفوظ رکھتے ہیں۔

Leave a reply