
واٹس ایپ نے اپنے چیٹ بیک اپ سسٹم میں ایک نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے جس کے بعد صارفین کو ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے اضافی آپشن دستیاب ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی ایک ایسے کلاؤڈ اسٹوریج فیچر کی آزمائش کر رہی ہے جو براہِ راست واٹس ایپ کے اپنے سسٹم سے منسلک ہوگا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی چیٹس اور میڈیا فائلز کو گوگل ڈرائیو یا آئی کلاؤڈ کے علاوہ واٹس ایپ کے کلاؤڈ میں بھی محفوظ کر سکیں گے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ نیا اسٹوریج مکمل طور پر انکرپٹڈ ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ ڈیٹا تک صارف کے علاوہ کوئی بھی فریق، حتیٰ کہ واٹس ایپ بھی، رسائی حاصل نہیں کر سکے گا۔
ذرائع کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آئندہ چیٹ بیک اپ کے دو آپشنز دستیاب ہوں گے، جن میں گوگل ڈرائیو اور واٹس ایپ کا نیا کلاؤڈ اسٹوریج شامل ہوگا۔ اس نئے سسٹم میں محدود صارفین کو تقریباً 2 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ ایک پریمیم اسٹوریج پلان پر بھی غور کیا جا رہا ہے جس کے تحت تقریباً 50 جی بی اسپیس ایک ڈالر ماہانہ کے قریب قیمت میں دی جا سکتی ہے۔
واٹس ایپ میں چیٹس پہلے ہی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوتی ہیں، تاہم بیک اپ کے لیے یہ سیکیورٹی فیچر صارفین کو دستی طور پر فعال کرنا پڑتا ہے۔ نئے نظام میں بیک اپ اسٹوریج کو بھی مکمل طور پر محفوظ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فی الحال یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں محدود صارفین پر آزمایا جا رہا ہے، جبکہ اس کی عالمی سطح پر دستیابی کے بارے میں کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔









