
واٹس ایپ صارفین کیلیے ایک منتظر فیچر متعارف کروانے پر کام کر رہا ہے۔ نئی رپورٹس کیمطابق اینڈرائیڈ کےبیٹا ورژن میں “سائن آؤٹ” آپشن شامل کردیاگیاہے، جسکے ذریعے صارفین اپنا اکاؤنٹ یا چیٹس حذف کیے بغیرہی ایپ سے لاگ آؤٹ ہوسکیں گے۔
اس وقت واٹس ایپ میں روایتی لاگ آؤٹ کا آپشن موجود نہیں، جس کی وجہ سے صارفین کو ایپ سے الگ ہونے کے لیے اسے مکمل طور پر حذف کرنا پڑتا ہے اور بعد میں دوبارہ انسٹال کرکے لاگ ان کرنا ہوتا ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین عارضی طور پر اپنے اکاؤنٹ سے سائن آؤٹ کر سکیں گے، جبکہ ان کی چیٹ ہسٹری، محفوظ ڈیٹا اور اکاؤنٹ کی معلومات برقرار رہیں گی۔ اس طرح دوبارہ لاگ ان کرنے کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق سائن آؤٹ کا آپشن اکاؤنٹ سیٹنگز میں دستیاب ہوگا۔ صارف کی جانب سے اس پر کلک کرنے کے بعد ایک مختصر تصدیقی مرحلہ مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد اکاؤنٹ ڈیوائس سے لاگ آؤٹ ہو جائے گا لیکن موجود ڈیٹا محفوظ رہے گا۔
فی الحال یہ سہولت بیٹا ورژن میں آزمائشی مرحلے میں ہے، جبکہ تمام صارفین کے لیے اس کی عام دستیابی کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔









