واشنگٹن: صدر ٹرمپ کی موجودگی میں عشائیے کے دوران فائرنگ، سکیورٹی اہلکاروں کی فوری کارروائی

واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کے دوران اچانک فائرنگ کے واقعے نے سکیورٹی صورتحال کو مختصر وقت کے لیے کشیدہ بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق تقریب ایک مقامی ہوٹل میں جاری تھی کہ اچانک زور دار آواز سنائی دی جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ اس دوران تقریب میں شریک افراد نے احتیاطی طور پر میزوں کے نیچے پناہ لے لی۔
اطلاعات کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر موقع کو گھیرے میں لے کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص نے داخلی دروازے کے قریب سکیورٹی چیک پوائنٹ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی اور اس دوران ایک اہلکار کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک غیر معمولی صورتحال تھی تاہم سکیورٹی اداروں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے سب کو محفوظ رکھا۔ ان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال کے مطابق کارروائی کر رہے ہیں۔









