مکہ معاہدے سے متعلق غیر ملکی رپورٹیں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں: وزارت اطلاعات

0
14
مکہ معاہدے سے متعلق غیر ملکی رپورٹیں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں: وزارت اطلاعات

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے مکہ معاہدے سے متعلق غیر ملکی خبر ایجنسی کی حالیہ رپورٹس کو قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ معاہدے کے حوالے سے سامنے آنے والی غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں مصدقہ معلومات کے بجائے قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ ذرائع پر انحصار کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے حوالے سے پاکستان کا عزم واضح، مضبوط اور ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق عملی اور آپریشنل تفصیلات کو حساس نوعیت کی معلومات قرار دیتے ہوئے وزارت نے کہا کہ ان معاملات کی تفصیلات آپریشنل رازداری کے دائرے میں آتی ہیں۔

وزارت اطلاعات نے میڈیا اور عوام پر زور دیا کہ مکہ معاہدے سے متعلق غیر مصدقہ یا گمنام ذرائع کی بنیاد پر سامنے آنے والی اطلاعات پر اعتماد کرنے سے گریز کیا جائے۔

وزارت کے مطابق ایسے حساس معاملات پر قیاس آرائیوں کے بجائے متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیانات اور تصدیق شدہ معلومات کو ہی معتبر سمجھا جانا چاہیے۔

حکومت نے اس حوالے سے من گھڑت اعداد و شمار اور غیر مصدقہ دعوؤں کی تشہیر سے بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a reply