لاہور: 38 فلسطینی طلبہ نے بی ڈی ایس کی ڈگریاں حاصل کر لیں

لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے زیرِ تعلیم 38 فلسطینی طلبہ نے بیچلرز آف ڈینٹل سرجری (BDS) کی ڈگریاں مکمل کر لیں۔ اس موقع پر منعقدہ گریجویشن تقریب میں طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں اور حوصلے کو سراہا گیا۔
تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید، الخدمت کے نائب صدر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک، یونیورسٹی آف لاہور کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد اویس رؤف، پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، اساتذہ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران 38 فلسطینی طلبہ کو بی ڈی ایس کی اسناد اور ڈینٹل کٹس فراہم کی گئیں، جبکہ ایک سالہ کلینیکل ہاؤس جاب مکمل کرنے والے 13 فلسطینی ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد بھی دی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فلسطینی طلبہ کی تعلیمی کامیابی ان کے عزم اور استقامت کی علامت ہے۔ اس موقع پر فلسطینی سفیر نے پاکستانی عوام اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی طلبہ کی تعلیم کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق فلسطینی اسکالرشپ پروگرام کے تحت اس وقت پاکستان میں 450 سے زائد جبکہ قاہرہ میں 38 فلسطینی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک فلسطینی گریجویٹ نے پاکستان میں ملنے والی میزبانی اور تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے وطن واپس جا کر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔









