
نوشکی کے مضافاتی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلومات ملی تھیں کہ ایک کالعدم تنظیم سے وابستہ مسلح افراد علاقے میں موجود ہیں اور کسی بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی، جس پر بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ اہم دہشت گرد کمانڈرز مارے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ، راکٹ لانچر، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد حملوں میں ملوث رہے ہیں۔









