نقیب اللہ محسود قتل کیس: 7 ملزمان عدم شواہد پر بری

0
17
نقیب اللہ محسود قتل کیس: 7 ملزمان عدم شواہد پر بری

کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں نامزد مزید 7 ملزمان کے خلاف مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں شواہد کی عدم دستیابی پر بری کردیا۔

ذرائع کے مطابق بری ہونے والے ملزمان میں شعیب شوٹر، امان اللہ مروت، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس شامل ہیں۔

ملزمان کے وکیل عابد زمان ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ مقدمے کی سماعت کے دوران کسی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ نقیب اللہ محسود کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا تھا۔

پراسیکیوشن کے مطابق اس کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران اور اہلکار پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، جبکہ 7 ملزمان مقدمے کے دوران مفرور قرار دیے گئے تھے۔

عدالتی فیصلے کے بعد مفرور قرار دیے گئے ساتوں ملزمان نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر خود کو سرینڈر کردیا۔

نقیب اللہ محسود، جو جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھتے تھے، جنوری 2018 میں کراچی کے علاقے ملیر میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد پولیس مقابلے کی شفافیت پر سوالات اٹھے اور معاملہ عدالتی کارروائی تک پہنچا۔

پولیس کا مؤقف تھا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار افراد مارے گئے، جن میں نقیب اللہ بھی شامل تھے۔

بعد ازاں نقیب اللہ قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے راؤ انوار کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا تھا، تاہم بعد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انہیں بھی بری کردیا۔

Leave a reply