
2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران لیونل میسی سمیت دنیا کے کئی معروف فٹ بالرز اور کھیل سے وابستہ شخصیات کو مبینہ طور پر سنگین سیکیورٹی خطرات اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہروں میں جاری ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران سیکیورٹی اداروں کو متعدد مشتبہ کالز، سوشل میڈیا پوسٹس اور پیغامات موصول ہوئے، جن میں کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لیونل میسی کو مختلف مواقع پر دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈلاس میں ایک شخص نے مبینہ طور پر فون کرکے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسٹیڈیم کی جانب بڑھ رہا ہے اور ان کے پاس دیسی ساختہ بم اور جدید ہتھیار موجود ہیں۔ اس شخص نے پولیس اور میسی کو اپنا ہدف قرار دینے کا دعویٰ کیا۔
ایک اور واقعے میں اٹلانٹا میں ارجنٹائن اور مصر کے میچ سے قبل سوشل میڈیا پر ایک شخص کی جانب سے میسی کو بم حملے میں نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی۔ اسی مقابلے کے دوران اسٹیڈیم میں بم موجود ہونے کی اطلاع بھی سیکیورٹی حکام کو دی گئی، جس کے بعد بم ڈسپوزل یونٹس اور تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے اسٹیڈیم کی مکمل تلاشی لی گئی۔
میسی کے علاوہ پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو بھی سیکیورٹی خدشات کی زد میں رہے۔ اطلاعات کے مطابق ہیوسٹن میں رونالڈو کی رہائش اور ہوٹل سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
ورلڈ کپ کے دوران کھیلوں سے وابستہ دیگر افراد کو بھی دھمکی آمیز پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر کو مبینہ طور پر ہزاروں دھمکی آمیز واٹس ایپ پیغامات موصول ہوئے۔
سیکیورٹی حکام نے ان تمام اطلاعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے۔ حکام کے مطابق ہر دھمکی کا مطلب لازمی طور پر حقیقی حملے کا منصوبہ نہیں تھا، تاہم عالمی سطح کے ایونٹ میں کسی بھی ممکنہ خطرے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران امریکی اور بین الاقوامی سیکیورٹی ادارے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے تحفظ کے لیے مسلسل خطرات کا جائزہ لیتے رہے۔
دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں شمار ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں معروف کھلاڑیوں کی شرکت کے باعث سیکیورٹی پہلے ہی ایک بڑا چیلنج ہوتی ہے، جبکہ سامنے آنے والی اطلاعات نے حکام کی ذمہ داریوں کو مزید بڑھا دیا۔








