
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کے مطابق یہ کمی جنوری سے مارچ 2026 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ہے اور اس کا اطلاق جون سے اگست 2026 تک تین ماہ کے عرصے کے لیے ہوگا۔ یہ فیصلہ حکومتی منظوری کے بعد نافذ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ ملک بھر کے تمام صارفین کو حاصل ہوگا، جن میں کے الیکٹرک کے صارفین بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا مقصد بجلی کی پیداواری لاگت میں تبدیلیوں کے اثرات صارفین تک منتقل کرنا اور ان پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 جون 2026 کو نیپرا نے اپریل 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کی وصولی جون کے بجلی بلوں میں کی جا رہی ہے۔









