
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی سے علیحدگی اختیار کرلی۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے اپنا استعفا ای میل کے ذریعے پی سی بی حکام کو ارسال کیا ہے۔ ان کے فیصلے کی اہم وجہ قومی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کے معاملے پر پیدا ہونے والے اختلافات بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ بھیجے گئے بعض کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل میں مصباح الحق سے مکمل مشاورت نہیں کی گئی۔ یہ کھلاڑی ان کرکٹرز کے متبادل کے طور پر شامل کیے گئے تھے جو مختلف وجوہات کی بنا پر اسکواڈ سے باہر ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق مصباح الحق نے اس معاملے پر اپنے تحفظات متعلقہ حکام تک پہنچائے، تاہم صورتحال میں بہتری نہ آنے کے بعد انہوں نے سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
پی سی بی کی جانب سے تاحال مصباح الحق کے استعفے کی باضابطہ تصدیق یا اس کی وجوہات پر کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔
مصباح الحق رواں سال مارچ میں سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنے تھے، جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔
مصباح کا استعفا ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیسٹ ٹیم کے ڈھانچے میں تبدیلیوں اور تنظیم نو کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔ قومی ٹیم بھی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ مصباح الحق کی علیحدگی کے بعد پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے امور اور قومی ٹیسٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کرتا ہے۔









