لاہور: سفارت خانوں کے نام پر ویزا فراڈ کرنے والے گروہ کے 12 افراد گرفتار

لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سفارت خانوں کے ڈیٹا تک غیر قانونی رسائی حاصل کرکے ویزا درخواست گزاروں کو دھوکا دینے والے مبینہ گروہ کے 12 افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر علی وسیم کے مطابق گرفتار افراد سعودی عرب، جرمنی اور اٹلی کے سفارت خانوں سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں ملوث تھے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر سفارتی رابطہ نمبرز کو تبدیل کرکے اپنے نمبرز سے منسلک کیا، جس کے ذریعے ویزا اور اپوائنٹمنٹ کے خواہشمند افراد کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز، موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مختلف سفارت خانوں کی شکایات کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جس کے نتیجے میں مبینہ گروہ تک رسائی حاصل ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گروہ 2019 سے سرگرم تھا اور ویزا اپوائنٹمنٹ، ایکسٹینشن اور دیگر سفارتی خدمات کے نام پر شہریوں سے رقم وصول کرتا تھا۔
حکام کے مطابق ملزمان نے جعلی ویب سائٹس اور سفارت خانوں سے مشابہ آن لائن پلیٹ فارمز بھی تیار کیے ہوئے تھے تاکہ لوگوں کو اصل اور جعلی نظام میں فرق کرنا مشکل ہو۔
این سی سی آئی اے نے بتایا کہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ استعمال ہونے والی مبینہ ہیکنگ ایپلیکیشن سمیت دیگر تکنیکی پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے مزید اقدامات اور مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔









