فون چھوڑیں، کتاب پڑھیں اور انعام پائیں، سنگاپور کا منفرد اقدام

سنگاپور میں شہریوں کو اسمارٹ فونز سے کچھ وقت دور رہنے اور مطالعے کی عادت اپنانے کی ترغیب دینے کے لیے ایک منفرد پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت کتاب پڑھنے والوں کو ڈیجیٹل پوائنٹس دیے جائیں گے جنہیں بعد میں رقم میں تبدیل کیا جاسکے گا۔
پروگرام کے تحت شرکا کو روزانہ کم از کم 15 منٹ کتاب پڑھنے پر ورچوئل سکے حاصل ہوں گے۔ ایک 15 منٹ یا اس سے زیادہ کے ریڈنگ سیشن کے عوض 20 سکے دیے جائیں گے، جبکہ ایک ہزار سکے ایک سنگاپورین ڈالر کے برابر ہوں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں، خصوصاً نوجوانوں میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینا اور انہیں مسلسل اسکرولنگ اور ڈیجیٹل مواد کے استعمال سے کچھ وقت نکال کر کتابوں کی طرف متوجہ کرنا ہے۔
سنگاپور کے نیشنل لائبریری بورڈ کے مطابق موجودہ دور میں لوگوں کو مختصر ویڈیوز، خبروں کی سرخیوں اور فوری خلاصوں تک انتہائی آسان رسائی حاصل ہے، جس کے باعث طویل مطالعے کی عادت متاثر ہورہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مطالعے کو روزمرہ معمول کا حصہ بنانے کے لیے بڑے اہداف کے بجائے چھوٹے اور قابلِ عمل اقدامات زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ اسی سوچ کے تحت شہریوں کو روزانہ صرف 15 منٹ مطالعے کا ہدف دیا گیا ہے، جسے سفر، کھانے کے وقفے یا سونے سے پہلے بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔
سنگاپور میں نوجوانوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق دیگر اقدامات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ان تجاویز کا مقصد آن لائن سرگرمیوں کے ممکنہ منفی اثرات کو کم کرنا اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا کے متوازن استعمال کی طرف لانا ہے۔









