بجلی چوری روکنے کیلئے ٹرانسفارمرز کو الگ الگ بند کرنے کا نظام لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے بجلی چوری پر قابو پانے اور لوڈ مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی کی فراہمی کنٹرول کرنے کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق نئے نظام کے تحت جس علاقے کے مخصوص ٹرانسفارمر پر بجلی چوری کی نشاندہی ہوگی، ضرورت پڑنے پر صرف اسی ٹرانسفارمر کی بجلی بند کی جاسکے گی، جبکہ پورے فیڈر کو بند کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار ٹرانسفارمرز پر آن اور آف کرنے کا نظام نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق یہ طریقہ کار دنیا کے مختلف ممالک میں پہلے سے استعمال ہورہا ہے۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اس نظام کو نافذ کرنے کیلئے ضروری ریگولیٹری فریم ورک آئندہ سال اپریل یا مئی تک فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے نظام میں تبدیلی کے بعد بعض صارفین نے بجلی ذخیرہ کرنے کیلئے بیٹریوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔ ان کے مطابق چند لاکھ صارفین کے بجلی سے متعلق فیصلوں کا مالی بوجھ کروڑوں دیگر صارفین پر منتقل ہونے سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ایندھن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث پیٹرولیم ڈویژن کو ایل این جی کارگوز کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مقامی گیس کے استعمال کے حوالے سے دستیاب وسائل کو احتیاط اور منصوبہ بندی کے ساتھ بروئے کار لایا جارہا ہے۔









