
بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور پیشہ ورانہ فیصلوں سے متعلق ایک دلچسپ پہلو شیئر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ہر فضائی سفر پر روانگی سے قبل اپنے کزن اور ہدایت کار منصور خان کے لیے ایک خصوصی نوٹ چھوڑتے ہیں۔
عامر خان کے مطابق اگرچہ منصور خان نے فلمی ہدایتکاری سے عملی طور پر کنارہ کشی اختیار کر لی ہے، تاہم وہ اب بھی ان کے لیے تخلیقی رہنمائی کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ اداکار نے بتایا کہ وہ اکثر نئے پراجیکٹس میں منصور خان کو بطور کریئیٹو مشیر شامل کرتے ہیں تاکہ تخلیقی فیصلوں میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ نوٹ ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر لکھا جاتا ہے، تاکہ کسی ناگہانی صورتحال میں ان کے فلمی منصوبے متاثر نہ ہوں۔ نوٹ میں یہ ہدایت شامل ہوتی ہے کہ ان کی عدم موجودگی میں اہم فیصلوں کی ذمہ داری منصور خان سنبھالیں۔
عامر خان نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کو بھی مشورہ دیا ہے کہ کسی ہنگامی صورتحال میں فلمی معاملات کے لیے منصور خان کی رائے کو ترجیح دی جائے۔
دوسری جانب منصور خان نے اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ذمہ داری کا مکمل اندازہ حال ہی میں ہوا ہے اور وہ اسے ایک سنجیدہ ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
دونوں کزنز کے درمیان ماضی میں کئی کامیاب فلموں پر اشتراک رہا ہے، تاہم تخلیقی معاملات پر ان کے درمیان اختلافات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ منصور خان کے مطابق عامر خان بعض اوقات فلموں سے کچھ مناظر حذف کرواتے ہیں، جبکہ عامر خان کا مؤقف ہے کہ وہ کہانی کی سادگی اور حقیقت پسندی کو ترجیح دیتے ہیں۔
زبان کے استعمال کے حوالے سے بھی دونوں کی سوچ مختلف رہی ہے۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ فلموں میں سادہ اور آسان زبان کا استعمال ہونا چاہیے تاکہ ناظرین کہانی کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
اپنے بیٹے جنید خان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ہر فنکار کو اپنی پہچان بنانے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ جنید اپنی محنت کے ذریعے کامیابی حاصل کریں گے۔









