فرانس کے قصبے میں مچھروں کی پرواز پر پابندی، منفرد حکم نامہ جاری

فرانس کے ایک قصبے میں مچھروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی سے نمٹنے کے لیے ایسا منفرد حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں مچھروں کی پرواز پر ہی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔
فرانسیسی قصبے سینٹ جسٹ سینٹ ریمبرٹ کے میئر اولیور جولی نے یکم ستمبر کو اس حکم نامے پر دستخط کیے۔ یہ اقدام علاقے کے شہریوں کی جانب سے ٹائیگر مچھر کی موجودگی کی شکایات سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔
حکم نامے کے مطابق قصبے کی حدود میں دن اور رات کے اوقات میں ٹائیگر مچھروں کی پرواز ممنوع قرار دی گئی ہے۔ دستاویز میں مچھروں کی نچلی سطح پر پرواز اور ان کے کاٹنے سے ہونے والی خارش اور شہریوں کو درپیش پریشانی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
اس منفرد حکم کی ایک دلچسپ شق یہ ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے مچھروں کو سزا دینے کی بات بھی کی گئی ہے۔ تاہم میئر کے مطابق عملی طور پر کسی مچھر کو گرفتار کرنے یا سزا دینے کی نوبت نہیں آئی۔
بظاہر مزاحیہ انداز میں جاری کیا گیا یہ حکم دراصل مچھروں کی افزائش اور ان سے پھیلنے والے ممکنہ امراض کے خطرے کی جانب توجہ دلانے کی کوشش ہے۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں اور اطراف میں پانی جمع نہ ہونے دیں، جبکہ گٹروں اور دیگر ایسی جگہوں کو ڈھانپ کر رکھیں جہاں مچھر افزائش کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ کا مقصد شہریوں کے تعاون سے مچھروں کی افزائش کے مقامات کم کرنا اور ان کی تعداد پر قابو پانا ہے۔









