شمالی کوریا نے متعدد میزائل فائر کر دیے، جنوبی کوریا کی شدید مذمت

0
21
شمالی کوریا نے متعدد میزائل فائر کر دیے، جنوبی کوریا کی شدید مذمت

شمالی کوریا نے ایک بار پھر بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کرتے ہوئے متعدد میزائل فائر کیے، جس پر خطے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
جنوبی کوریا کی فوجی حکام کے مطابق یہ میزائل شمالی کوریا کے مشرقی ساحلی علاقے سنپو کے قریب سے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 6 بج کر 10 منٹ پر داغے گئے۔ میزائل تقریباً 140 کلومیٹر تک پرواز کرنے کے بعد سمندر میں جا گرے۔
رپورٹس کے مطابق یہ رواں ماہ کے دوران شمالی کوریا کا چوتھا اور سال 2026 کا ساتواں میزائل تجربہ ہے، جو اس کے بڑھتے ہوئے عسکری پروگرام کی نشاندہی کرتا ہے۔
جاپان کی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ یہ میزائل جزیرہ نما کوریا کے مشرقی سمندری علاقے میں گرے، جس سے علاقائی سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
اس پیشرفت کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے فوری طور پر ہنگامی سیکیورٹی اجلاس طلب کیا۔ حکام نے ان تجربات کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سنپو وہ اہم مقام ہے جہاں شمالی کوریا آبدوزوں اور آبدوز سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں سے متعلق تجربات کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ میزائلوں کی درست نوعیت کے بارے میں ابھی واضح معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔

Leave a reply