
گرمی کے موسم میں ناک سے خون بہنے (نکسیر پھوٹنے) کے واقعات میں اضافہ دیکھا جاتا ہے، جس کی بڑی وجہ ناک کے اندرونی حصے میں خشکی پیدا ہونا اور خون کی باریک رگوں کا متاثر ہونا بتایا جاتا ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق شدید گرمی، اے سی میں زیادہ وقت گزارنا، پانی کی کمی اور ناک کی جھلی کا خشک ہونا نکسیر کی عام وجوہات ہیں۔ بعض افراد میں ہائی بلڈ پریشر اور ناک کی اندرونی سوزش بھی اس مسئلے کو بڑھا سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نکسیر پھوٹنے کی صورت میں گھبرانے کے بجائے فوری طور پر سیدھا بیٹھ کر سر کو ہلکا سا آگے کی طرف جھکانا چاہیے تاکہ خون حلق میں جانے کے بجائے باہر نکلتا رہے۔ مریض کو منہ سے سانس لینے کی ہدایت دی جاتی ہے جبکہ ناک کے نرم حصے کو ہلکے دباؤ سے پکڑنے سے اکثر خون بہنا رک جاتا ہے۔
ماہرین یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ ناک اور پیشانی پر برف کی ٹکور کرنے سے خون کی روانی کم ہو کر نکسیر کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینے، ناک کی خشکی سے بچنے کے لیے ہلکا تیل یا پیٹرولیم جیلی استعمال کرنے اور دھوپ میں سر ڈھانپ کر باہر نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تیز مرچ مصالحوں اور بہت زیادہ گرم غذاؤں سے پرہیز بھی مفید بتایا گیا ہے۔









