
ارجنٹائن میں 2026 فٹبال ورلڈکپ کے قریب آتے ہی فٹبال شائقین میں جوش و خروش بڑھ رہا ہے، تاہم امریکا کے ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنے والے متعدد مداحوں کے لیے ایک مقامی کمپنی نے منفرد اقدام کیا ہے۔
ملکی کاروباری گروپ نیوزان نے اعلان کیا ہے کہ اسکی الیکٹرانکس برانڈ “نوبلیکس” ایسےسوافراد کو مفت ٹیلی ویژن فراہم کریگی جنکا امریکا کا ویزا رواں سال جنوری سے جون کے دوران مسترد ہوا ہو۔ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدواروں کو بیونس آئرس میں کمپنی کے دفتر کے باہر موجود ہو کر اپنے ویزا مسترد ہونے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔
کمپنی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ویزا سے محروم رہ جانے والے فٹبال شائقین کو مفت ٹی وی حاصل کرنے کی دعوت دی، جس نے عوامی توجہ حاصل کر لی۔
اس مہم سے فائدہ اٹھانے والوں میں 24 سالہ پیشہ ور ویڈیو گیم کھلاڑی ٹوماس واگیلر بھی شامل تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈکپ کے دوران ارجنٹائن کی ٹیم کو قریب سے دیکھنے کا خواہش مند تھا اور اسے امید تھی کہ یہ لیونل میسی کے کیریئر کا آخری عالمی کپ ہو سکتا ہے۔ ویزا نہ ملنے پر اسے مایوسی ضرور ہوئی، تاہم مفت ٹی وی ملنے پر اسے کسی حد تک خوشی بھی ہوئی۔
مبصرین کے مطابق ارجنٹائن میں ورلڈکپ کے حوالے سے دلچسپی بدستور موجود ہے، لیکن 2022 کے مقابلے میں اس بار جذباتی وابستگی نسبتاً کم دکھائی دے رہی ہے۔ 2022 کے ٹورنامنٹ کو بہت سے شائقین لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن کے لیے ایک یادگار موقع تصور کرتے تھے۔
ورلڈکپ 2026 کے آغاز سے قبل ویزا مسائل اور کمپنی کی یہ منفرد تشہیری مہم ارجنٹائن میں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے









