شدید بارش اور طوفانی ہواؤں نے واشنگٹن کو ہلا کر رکھ دیا

واشنگٹن ڈی سی اور اس کے نواحی علاقوں میں شدید طوفان کے باعث تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی متاثر کر دیے۔
طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور سڑکوں پر جا گرے، جس سے مختلف راستے بند ہوگئے۔ بعض مقامات پر گھروں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
امریکی دارالحکومت میں طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار تقریباً 70 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جبکہ رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر 64 میل فی گھنٹہ کی رفتار ریکارڈ کی گئی۔
ایک علاقے میں بڑا درخت گاڑی پر گر گیا، تاہم مقامی حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
طوفان کے بعد امدادی اور شہری اداروں نے سڑکوں سے درخت اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، جبکہ بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔









