سگریٹ کے دھوئیں سے پریشان خاتون نے ملازمت چھوڑ دی، استعفیٰ سوشل میڈیا پر وائرل

0
32
سگریٹ کے دھوئیں سے پریشان خاتون نے ملازمت چھوڑ دی، استعفیٰ سوشل میڈیا پر وائرل

بنگلورو: بھارتی شہر بنگلورو میں ایک خاتون نے دفتر میں سگریٹ کے مسلسل دھوئیں سے تنگ آکر ملازمت چھوڑ دی، جس کے بعد ان کے استعفے کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

جھانوی چاوڈا نامی خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے استعفے کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دفتر کے ناموزوں ماحول کے باعث نوکری چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

خاتون کے مطابق انہیں سگریٹ کی بو اور دھواں سخت ناگوار گزرتا ہے۔ انہوں نے دفتر کے حالات کے ساتھ خود کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کی، حتیٰ کہ دھوئیں سے بچنے کے لیے ماسک بھی استعمال کیا، تاہم مسئلہ حل نہ ہوسکا۔

جھانوی کا کہنا تھا کہ دفتر میں بعض ملازمین پینٹری اور کھانے کے مخصوص حصے میں سگریٹ نوشی کرتے تھے، لیکن دھواں صرف انہی جگہوں تک محدود نہیں رہتا تھا۔ سگریٹ نوشی کے بعد بعض افراد ان کے قریب آکر بیٹھتے، جس سے دھوئیں کی بو کام کرنے کی جگہ تک بھی پہنچ جاتی تھی۔

مسلسل اس صورتحال کا سامنا کرنے کے بعد خاتون نے ملازمت جاری رکھنے کے بجائے استعفیٰ دینے کو ترجیح دی۔ ان کی جانب سے استعفے کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد پوسٹ کو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی واقعے پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا۔ متعدد افراد نے خاتون کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملازم کی سگریٹ نوشی کا بوجھ دوسرے ملازمین کو نہیں اٹھانا چاہیے اور دفاتر میں ایسا ماحول ہونا چاہیے جہاں تمام افراد سکون سے کام کرسکیں۔

کچھ صارفین نے اپنے ذاتی تجربات بھی بیان کیے اور بتایا کہ انہیں بھی کام کی جگہ پر سگریٹ کے دھوئیں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ایک صارف کے مطابق انتظامیہ کو شکایت کرنے کے بعد اس کے دفتر میں صورتحال بہتر ہوگئی۔

وائرل استعفے نے ایک بار پھر کام کی جگہ پر سگریٹ نوشی، ملازمین کے آرام اور دفتری ماحول سے متعلق بحث کو جنم دے دیا ہے۔

Leave a reply