عمران خان کے بیٹوں کے اسکائی اسپورٹس انٹرویو پر پی سی بی کا احتجاج

0
0
عمران خان کے بیٹوں کے اسکائی اسپورٹس انٹرویو پر پی سی بی کا احتجاج

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق وزیراعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا اسکائی اسپورٹس پر نشر ہونے والا انٹرویو دکھائے جانے پر مبینہ طور پر احتجاج کیا ہے۔

یہ انٹرویو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان لارڈز میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی کوریج کے دوران نشر کیا گیا۔ تقریباً 18 منٹ کے انٹرویو میں قاسم اور سلیمان خان نے اپنے والد کی جیل میں موجودگی، صحت اور طبی سہولیات سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا۔

انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے معروف براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے ریکارڈ کیا تھا۔ اسے بدھ کو ریکارڈ کرنے کے بعد جمعرات کو نشر کیا گیا۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکائی اسپورٹس نے پی سی بی کی جانب سے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم ادارے نے معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو بھی شکایت سے آگاہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

عمران خان کے اہل خانہ اور وکلا ماضی میں ان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں، جبکہ حکومتی مؤقف ہے کہ ان کے طبی معائنے میں ایسی کوئی سنگین صورتحال سامنے نہیں آئی جس کے لیے فوری طور پر خصوصی علاج درکار ہو۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں کرکٹ سے وابستہ سابق کپتانوں کے ایک گروپ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے حکام کو عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے انہیں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے ماہر ڈاکٹروں، ان کے ذاتی معالج اور دیگر متعلقہ ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کے ساتھ اہل خانہ کو ملاقات کی سہولت بہتر بنانے کا بھی حکم دیا تھا۔

بعد میں حکومت نے عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا، جبکہ عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے اسلام آباد کے سرکاری اسپتال پمز منتقل کیا گیا۔ علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

اسکائی اسپورٹس پر نشر ہونے والے انٹرویو کے بعد عمران خان کی صحت اور ان کی سیاسی و قانونی صورتحال ایک مرتبہ پھر کرکٹ کی کوریج کے دوران بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

Leave a reply