
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اور ان کا خاندان ممبئی کے مشہور گیلیکسی اپارٹمنٹس کو چھوڑ کر جلد ایک نئی رہائش گاہ میں منتقل ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی نے 16 جون کو باندرہ کے علاقے چمبئی میں نئی رہائشی عمارت کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ نئی عمارت موجودہ رہائش گاہ گیلیکسی اپارٹمنٹس سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق، اس منصوبے کے لیے زمین سلمان خان کی والدہ سلمیٰ خان (سشیلا چرک) نے 2011 میں خریدی تھی۔ اس مقام پر پہلے ایک پرانا دو منزلہ بنگلہ موجود تھا، جسے خستہ حالی کے باعث گرا کر نئی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سلمان خان کا خاندان 1974 سے گیلیکسی اپارٹمنٹس میں مقیم ہے۔ اگرچہ وقت کے ساتھ خاندان کے کئی افراد الگ گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں، تاہم سلمان خان اپنے والدین کے ساتھ اسی عمارت میں رہائش پذیر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے گھر میں منتقل ہونے کی ایک اہم وجہ سیکیورٹی خدشات بھی ہیں۔ گزشتہ برس گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے تھے۔ اطلاعات ہیں کہ نئی رہائش گاہ میں جدید سیکیورٹی نظام نصب کیا جائے گا۔
تاہم سلمان خان یا ان کے خاندان کی جانب سے ان خبروں کی باضابطہ تصدیق یا تردید ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب سلمان خان نے اپنی نئی فلم “ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس” کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے، جبکہ وہ ان دنوں فلم “ایس وی سی 63” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں اداکارہ نین تارا بھی ان کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گی۔









