
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے میڈیا، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط تاریخی، مذہبی اور عوامی بنیادوں پر قائم ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت اور روایات سے مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ہونے والی معاشی اور ثقافتی ترقی کو سراہتے ہوئے العلا میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور الدرعیہ کے تاریخی ورثے کو جدید انداز میں متعارف کرانے کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ کئی نسلوں پر محیط مشترکہ تاریخ اور عوامی وابستگی ان کی اصل طاقت ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مضبوط بنانے اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔









