
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبرپختونخوا و پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد احتیاطاً گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق پشاور، مردان، چترال، لوئر دیر، ملاکنڈ، بونیر اور بٹگرام سمیت کئی اضلاع میں زمین لرزنے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسی طرح مانسہرہ، بالاکوٹ اور کاغان ویلی میں بھی زلزلے کے اثرات سے شہریوں میں تشویش کی فضا دیکھنے میں آئی۔
ایبٹ آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے، جبکہ پنجاب کے علاقے لالیاں میں بھی زمین ہلنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔









