بلی کو مل گئی ’سرکاری نوکری‘، مسافر کا مذاق رنگ لے آیا

0
27
بلی کو مل گئی ’سرکاری نوکری‘، مسافر کا مذاق رنگ لے آیا

ممبئی کے ایک میٹرو اسٹیشن پر کئی ماہ سے نظر آنے والی نارنجی رنگ کی بلی کو انتظامیہ نے دلچسپ انداز میں اعزازی عہدہ دے دیا۔

گنڈاوالی میٹرو اسٹیشن پر اکثر گھومنے والی اس بلی نے مسافروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی تھی۔ ایک مسافر نے بلی کی تصویر بنا کر میٹرو انتظامیہ کو بھیجی اور مزاحیہ انداز میں تجویز دی کہ اسے ’بغیر تنخواہ کے سیکیورٹی گارڈ‘ کے بجائے کوئی باقاعدہ عہدہ دے دیا جائے۔

انتظامیہ نے بھی اس تجویز کو مذاق کے طور پر قبول کرتے ہوئے بلی کو ’چیف فیلائن آفیسر‘ کا اعزازی عہدہ دے دیا۔ حکام کے مطابق بلی اگرچہ کسی باقاعدہ ملازمت پر نہیں، تاہم اسٹیشن پر اس کی موجودگی نے اسے مسافروں کے درمیان خاصا مقبول بنا دیا ہے۔

میٹرو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹھنڈی اور نسبتاً پرسکون جگہوں کی وجہ سے بلیاں، کتے اور بعض اوقات بندر بھی اسٹیشن کے اطراف آ جاتے ہیں۔ یہ جانور مستقل طور پر وہاں نہیں رہتے بلکہ اپنی مرضی سے آتے جاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بلی کا نام، عمر اور جنس بھی معلوم نہیں، نہ ہی اس کے پاس کوئی شناختی کارڈ، تنخواہ یا دفتر ہے۔ تاہم ’چیف فیلائن آفیسر‘ کا اعزازی عہدہ ملنے کے بعد وہ اسٹیشن کی ایک خاص پہچان ضرور بن گئی ہے۔

یہ واقعہ برطانیہ کی سرکاری عمارتوں میں خدمات انجام دینے والی مشہور بلیوں کی یاد بھی دلاتا ہے، جن میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی ’لَیری‘ اور برطانوی دفتر خارجہ کی سابق ’چیف ماؤزر‘ بلی پامرستن شامل ہیں۔

یوں ممبئی میٹرو کی یہ نارنجی بلی بھی بغیر تنخواہ اور دفتر کے اپنی ’ڈیوٹی‘ نبھاتے ہوئے ایک دلچسپ سرکاری ملازم کی حیثیت سے شہرت حاصل کر گئی۔

Leave a reply