
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے درآمد کی گئی چینی کو بیرونِ ملک بھیجنے کے لیے باقاعدہ کارروائی شروع کردی ہے۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (TCP) کی جانب سے جاری ٹینڈر کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 7 ہزار 739 میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔
ٹینڈر دستاویزات کے مطابق دلچسپی رکھنے والے فریقین 28 ستمبر تک الیکٹرانک بولیاں جمع کراسکیں گے، جبکہ موصول ہونے والی تمام بولیاں اسی روز کھولی جائیں گی۔ حکام کے مطابق دستی طور پر جمع کرائی جانے والی بولیوں کو قابلِ قبول نہیں سمجھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے گزشتہ سال مقامی ضرورت پوری کرنے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد چینی درآمد کی تھی، جس پر تقریباً 50 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔
اب حکومت درآمد کی گئی چینی کے ایک بڑے حصے کو برآمد کرنے کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل آگے بڑھا رہی ہے۔









