خیبرپختونخوا کی صورتحال، وفاق کا آئینی آپشن استعمال کرنے پر غور

0
25
خیبرپختونخوا کی صورتحال، وفاق کا آئینی آپشن استعمال کرنے پر غور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا میں امن و امان اور موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی صورتحال اور ممکنہ سیاسی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے بعض اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف آئینی راستوں پر غور کیا۔ اجلاس میں یہ بھی زیرِ بحث آیا کہ اگر تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ کی کوشش کی گئی تو وفاقی حکومت قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے مناسب اقدامات کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کو اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کا پیغام دینے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ صوبے کے انتظامی اور سیاسی معاملات کے حوالے سے آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی، امیر مقام، عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ممکنہ احتجاج اور لانگ مارچ کے تناظر میں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے منتظر ہیں اور آئین و قانون پر عملدرآمد ان کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ کسی بڑے آئینی یا انتظامی اقدام سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم کو تحریک انصاف کی قیادت سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ ہدایت کی گئی کہ خیبرپختونخوا سے متعلق اہم فیصلوں سے قبل اتحادی جماعتوں اور دیگر سیاسی فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے۔

Leave a reply