جھوٹے زیادتی مقدمات درج کرانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

0
18
جھوٹے زیادتی مقدمات درج کرانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے جنسی زیادتی کے مبینہ جھوٹے مقدمات درج کرانے اور بعد ازاں ملزمان کے حق میں بیانات دینے کے واقعات پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت سات مقدمات کے مدعیان اور گواہوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کردی ہے۔
ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی کے الزامات کی بنیاد پر مقدمات درج کرانے کے بعد مبینہ طور پر مالی لین دین کے ذریعے ملزمان کے حق میں بیانات دینے اور مقدمات ختم کرانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سنگین جرائم کے جھوٹے الزامات لگا کر ذاتی مفادات حاصل کرنے اور قانونی نظام کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کے مطابق اس اقدام کا مقصد قانون کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنسی زیادتی کے حقیقی متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور خواتین سمیت تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔

Leave a reply