توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی شادی کی خبروں کی تردید، افواہیں جھوٹی قرار

0
0
توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی شادی کی خبروں کی تردید، افواہیں جھوٹی قرار

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان اور اداکار توثیق حیدر اور اداکارہ و میزبان فرح سعدیہ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں نے شادی کر لی ہے۔
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر مختلف ویڈیوز اور پوسٹس میں یہ کہا جا رہا تھا کہ دونوں فنکار رشتۂ ازدواج میں بندھ چکے ہیں، جس کے باعث مداحوں میں کنفیوژن پیدا ہو گئی تھی۔ ان مواد میں مبینہ طور پر تصاویر اور ایڈیٹ شدہ مناظر بھی شامل تھے۔
افواہوں کے پھیلنے پر دونوں فنکاروں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کی شادی سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد اور صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے پھیلائی گئی ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں ان خبروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی سوشل میڈیا سے ہی اپنی “شادی” کا علم ہوا۔ توثیق حیدر نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ یوٹیوبرز نے ان کی فرضی شادی کی خوبصورت تصاویر بھی بنا ڈالیں۔
بعد ازاں فرح سعدیہ نے سنجیدگی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جھوٹی خبریں نہ صرف ان کے لیے بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔ ان کے مطابق عوام کو چاہیے کہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ دونوں صرف اچھے دوست اور پروفیشنل ساتھی ہیں اور ان کے درمیان شادی سے متعلق خبریں درست نہیں۔ دونوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ اس وقت اپنی اپنی زندگیوں اور کیریئر پر توجہ دے رہے ہیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ان کی شادی سے متعلق تمام دعوے محض افواہیں تھیں۔

Leave a reply