بیرونِ ملک تعلیم کا خواب، مڈل کلاس طلباء کے لیے اسکالرشپس اور مالی معاونت کے مواقع

اسلام آباد: بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا پاکستانی طلباء، خصوصاً متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کا اہم خواب ہے، تاہم مہنگی فیس اور رہائش کے اخراجات اکثر اس راہ میں بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بروقت منصوبہ بندی، مضبوط تعلیمی پروفائل اور مناسب اسکالرشپ کی تلاش کے ذریعے محدود مالی وسائل رکھنے والے طلباء بھی غیر ملکی جامعات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک تعلیم کی تیاری آخری وقت میں شروع کرنے کے بجائے طالب علم کو ابتدائی تعلیمی مراحل ہی سے اپنی سمت متعین کرنی چاہیے۔ اچھے نمبروں کے ساتھ کسی مخصوص شعبے میں مہارت، غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ اور اپنی دلچسپی کے مطابق صلاحیتوں کو اجاگر کرنا مستقبل میں اسکالرشپ کے حصول میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
اسکالرشپ کی تلاش بھی اس پورے عمل کا بنیادی حصہ ہے۔ طلباء اور والدین کو صرف یونیورسٹی کی فیس پر توجہ دینے کے بجائے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ متعلقہ ادارہ میرٹ یا مالی ضرورت کی بنیاد پر کس قسم کی معاونت فراہم کرتا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ مالی امداد یا اسکالرشپ کی درخواست اکثر داخلے کی درخواست کے ساتھ ہی دینا ضروری ہوتی ہے۔ اس لیے طلباء کو ہر یونیورسٹی کی آخری تاریخ اور مالی معاونت کی شرائط پہلے سے معلوم کرلینی چاہئیں تاکہ موقع ضائع نہ ہو۔
امریکہ اور یورپ کے علاوہ ایشیا کے مختلف ممالک بھی پاکستانی طلباء کے لیے قابلِ غور ہوسکتے ہیں۔ سنگاپور، ہانگ کانگ اور دیگر ممالک میں بھی معیاری تعلیمی ادارے اور مختلف نوعیت کے وظائف دستیاب ہوتے ہیں۔
دوسری جانب بیرونِ ملک تعلیم کے دوران پارٹ ٹائم ملازمت کو مکمل تعلیمی اخراجات کا متبادل سمجھنا مناسب نہیں۔ مختلف ممالک کے اسٹوڈنٹ ویزا قوانین کے تحت کام کے اوقات محدود ہوسکتے ہیں، جبکہ ان سے حاصل ہونے والی آمدنی عموماً ذاتی یا روزمرہ اخراجات میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
طلباء کو بیرونِ ملک روانگی سے قبل اپنے ویزا کی شرائط، کام کرنے کی اجازت، تعلیمی اخراجات، رہائش اور روزمرہ بجٹ کا مکمل جائزہ لینا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق محدود مالی وسائل بیرونِ ملک تعلیم کے راستے میں چیلنج ضرور ہیں، لیکن مضبوط تعلیمی کارکردگی، واضح تعلیمی مقصد اور بروقت اسکالرشپ کی منصوبہ بندی سے یہ رکاوٹ کافی حد تک کم کی جاسکتی ہے۔









