حکومت اور پیپلزپارٹی کا وفد آج پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کرے گا

0
9
حکومت اور پیپلزپارٹی کا وفد آج پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کرے گا

اسلام آباد: حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت سے ملاقات کرے گا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔

اس حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے اور امن و استحکام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے تشکیل دیے گئے وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور امیر مقام شامل ہوں گے، جبکہ پیپلزپارٹی کی نمائندگی شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی کریں گے۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال سے متعلق مختلف آئینی اور قانونی پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں حکمرانی، امن و امان اور دہشت گردی کے معاملے سمیت متعدد امور پر مشاورت ہوئی۔

ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اتحادی جماعتوں کو بھی موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہ کیے جانے کا امکان ہے۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی کشیدگی کم کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت متوقع ہے۔

Leave a reply