
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع ٹانک میں دہشتگردوں نے پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے منصوبہ ناکام ہوگیا۔ کارروائی کے دوران ایک خودکش حملہ آور راستے میں ہی بارودی مواد پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔
دھماکے سے قریبی دو گھروں کو نقصان پہنچا اور بعض دیواریں بھی منہدم ہوگئیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
شمالی وزیرستان میں ایک الگ کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے اور وہاں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
ادھر بلوچستان کے ضلع سوراب میں بھی کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود ملنے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
صدر مملکت نے کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف اہلکاروں کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔









