بھارتی پائلٹ ابھینندن ورتھمان نے فضائیہ چھوڑنے کے بعد نجی ایئر لائن جوائن کرلی

نئی دہلی: 2019 کے پاک بھارت فضائی تنازع کے دوران پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے سابق گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان نے بھارتی فضائیہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سول ایوی ایشن کا رخ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 43 سالہ ابھینندن نے رواں برس مارچ میں انڈین ایئر فورس سے ریٹائرمنٹ حاصل کی، جس کے بعد وہ گزشتہ ماہ بھارتی نجی فضائی کمپنی FLY91 کا حصہ بن گئے۔
ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ابھینندن کو ایئر لائن میں کون سا عہدہ دیا گیا ہے اور وہ کن پروازوں پر خدمات انجام دیں گے۔ کمپنی کی جانب سے بھی ان کی ملازمت سے متعلق ذاتی نوعیت کی معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔
ابھینندن ورتھمان 27 فروری 2019 کو پاک بھارت کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر خبروں کا مرکز بنے تھے۔ فضائی جھڑپ میں ان کا مِگ 21 بائسن طیارہ تباہ ہوا، جس کے بعد انہوں نے پیراشوٹ کے ذریعے پاکستانی علاقے میں لینڈ کیا۔
پاکستان میں گرفتاری کے بعد وہ چند روز تک پاکستانی حکام کی تحویل میں رہے اور بعد ازاں انہیں واپس بھارت بھیج دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد ابھینندن بھارت میں ایک نمایاں فوجی شخصیت کے طور پر سامنے آئے اور 2021 میں انہیں بھارت کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ویر چکر سے نوازا گیا۔
2019 کی فضائی جھڑپ سے متعلق بھارت کی جانب سے پاکستانی ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا، تاہم پاکستان نے اس دعوے کی تردید کی اور اس حوالے سے مختلف بین الاقوامی رپورٹس میں بھی سوالات اٹھائے گئے۔
ابھینندن بعد میں بھارتی فضائیہ میں ترقی پا کر گروپ کیپٹن بنے۔ رواں سال فوجی سروس ختم کرنے کے بعد اب وہ کمرشل ایوی ایشن میں اپنے پائلٹ کیریئر کا نیا مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔
FLY91 نے مارچ 2024 میں کمرشل پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ ایئر لائن اس وقت اے ٹی آر 72-600 طیاروں کے ذریعے بھارت کے مختلف شہروں کے درمیان فضائی آپریشنز انجام دے رہی ہے، جبکہ گوا اور حیدرآباد اس کے اہم آپریشنل مراکز میں شامل ہیں۔
ابھینندن کی سول ایئر لائن میں شمولیت کے ساتھ ان کا بھارتی فضائیہ میں طویل فوجی پائلٹ کیریئر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔









