
کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی اقدامات اور فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں سیکیورٹی سے متعلق معاملات کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور صوبے میں سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیکیورٹی فرائض انجام دینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تیاری اور عزم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام متعلقہ ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور مسلسل رابطہ ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ محفوظ اور مستحکم ماحول بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی، روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا بنیادی محور ہے اور صوبے میں پائیدار ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے۔
اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی جانب سے فرائض کی انجام دہی میں دکھائے جانے والے عزم اور حوصلے کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔








